• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ کا جانوروں کی منتقلی کیلئے مزید مہلت دینے سے انکار


اسلام آباد ہائیکورٹ نے احکامات کے باوجود چڑیا گھر سے جانوروں کی عدم منتقلی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جانوروں کی منتقلی کے لیے مزید مہلت دینے سے انکار کردیا۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے ریمارکس دیئے کہ جانوروں کی محفوظ پناہ گاہ میں منتقلی کے لئے مہلت میں توسیع نہیں دیں گے، جانوروں کی منتقلی اور وائلڈ لائف قوانین پر عملدرآمد کا لائحہ عمل تیار کریں اور وائلد لائف قوانین وزیراعظم کے نوٹس میں لائے جائیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور پوچھا کیا وجہ ہے کہ ابھی تک جانوروں کو منتقل نہ کیا جاسکا ؟ کاون ہاتھی سمیت تمام جانور بہت سختیاں جھیل چکے ہیں ہم کیوں جانوروں سے متعلق اللّٰہ اور اللّٰہ کے رسول کے احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بھی کاون سے متعلق بات کر چکے کہ کیسے اس پر ظلم ہوا، وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ لوگوں کو پتہ ہی نہیں نیشنل پارک کیا ہوتا ہے، وزیراعظم کو آپ لوگ بتاتے کیوں نہیں کہ وائلڈ لائف سے متعلق قوانین موجود ہیں، جانوروں کے حقوق سے متعلق قوانین موجود ہیں ان پر عمل ہی نہیں ہو رہا۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا چڑیا گھر میں جانوروں کی بہتری کے لئے جو ہو سکا کریں گے جس پر چیف جسٹس نے کہا عدالت چڑیا گھر ختم کرنے کا فیصلہ دے چکی ہے۔

تازہ ترین