• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور اور گردو نواح میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

لاہور اور گردو نواح میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا


لاہور اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور حبس کی شدت میں کمی آگئی، لیکن دوسری طرف 200 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے جس سے شہر بھر کا بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

لاہورسمیت وسطی پنجاب کے بیشتر شہروں میں دن بھر حبس رہا، لیکن شام کا سورج ڈھلتے ہی بادلوں نے اٹکھیلیاں شروع کردیں، پھر ٹھنڈی ہوائیں چلیں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

بارش کے بعد حبس کی شدت میں تو کمی آ گئی لیکن لیسکو کے 200 سے زائد فیڈر ٹرپ کر جانے سے ہربنس پورہ، اندرون شہر، کوٹ لکھپت، سبزہ زار گلشن راوی، سمن آباد، اچھرہ، مسلم ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن اور گلبر گ اندھیرے میں ڈوب گئے۔

موسلا دھار بارش سے مریدکے، شیخوپورہ، قصور، حافظ آباد، پاکپتن، ساہیوال میں جل تھل ایک ہوگیا اور ساتھ ہی بجلی بھی غائب ہوگئی۔

لیسکو حکام کے مطابق بجلی کے نظام میں عارضی تعطل ہے،جلد بحال ہوجائے گی، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی ہے کہ مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ منگل تک جاری رہے گا۔

تازہ ترین