• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاستدان، صحافتی تنظیمیں اور وکلاء رہنما میر شکیل کی رہائی کیلئے ہم آواز

کراچی / لاہور/ پشاور/راولپنڈی/ملتان ( نمائندگان جنگ ) ایڈیٹر انچیف جنگ وجیو میڈیاگروپ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کیخلاف لاہور، پشاور ، راولپنڈی اور ملتان سمیت کئی چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جمعہ کے روز بھی برقرار رہا جبکہ سیاسی رہنمائوں، صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں اور وکلاء رہنمائوں نے میرشکیل الر حمٰن کی رہائی کا مطالبہ کیا ۔لاہور میں ڈیوس روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس میں سینئر صحافیوں اوردیگرشعبہ زندگی سے افراد نے شرکت کی،اس موقع پرمقررین نے کہا کہ میر شکیل الر حمٰن بے قصور پابند سلاسل ہیں،ہم اب بھی عدالت سےپر امید اور انصاف کی امید رکھتے ہیں۔ پشاور میں مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ میر شکیل الر حمٰن کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا،مقررین نے کہا کہ برسوں پرانے پرائیویٹ مقدمے میں گرفتار میر شکیل الر حمٰن کو ضمانت کا حق نہ دینا انسانی اور بنیادی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے، راولپنڈی میں احتجاج میں پی ایف یو جے کے ناصر زیدی‘ جنگ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ناصر چشتی اور سینئر صحافیوں سمیت جنگ‘ دی نیوز اور جیو کے ورکرز بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، سابق صدر ڈسٹرکٹ بارچنیوٹ ملک محمد حسین اور میاں اسد نثار نے ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ چنیوٹ کے احاطہ میں احتجاج کرتے ہوئےکہا کہ ایڈیٹر انچیف جنگ جیو گروپ میرشکیل الر حمٰن کیخلاف بنائے گئے بے بنیاد ریفرنس ختم کیے جائیں ورنہ وکلاء تحریک چلائیں گے، حکمران اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے سچ کی آواز کو دبانے کے درپے ہیں، صحافت کا گلا دبانے کیلئے میرشکیل کو پھنسایا گیا ، بہاولپور میںمیر شکیل الر حمٰن کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف 119 ویں دن بھی احتجاج جاری رہا، بہاولپور یونین آف جرنلسٹس کے تحت بہاولپور پریس کلب میں ہونے والے احتجاج میں صحافیوں کے ساتھ ساتھ جماعت اسلامی، جے آئی کسان، کسان اتحاد اور انجمن کاشتکاران کے قائدین نے بھی شرکت کی، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے نائب امیر سید ذیشان اختر، جے آئی کسان کے مرکزی چیئرمین جام حضور بخش لاڑ، کسان اتحاد کے صدر چوہدری عبدالمطلب، انجمن کاشتکاران کے صدر عبدالرحمٰن نے میر شکیل الر حمٰن کی غیرقانونی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو دیوار سے لگایا جارہاہے، انہوں نے میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ، دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرشکیل الرحمٰن کا جرم یہ ہے کہ وہ حق بولتا ہے اور سچ لکھتا ہے اور چار ماہ ہوگئے ہیں انہیں قید رکھ کر اسی جرم کی سزا دی جارہی ہے۔ معاون خصوصی وزیراعلی سندھ انسپکشن کمیٹی وقار مہدی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے پہلے بھی آزادی صحافت کی حمایت کی اور اب بھی کرے گی۔ ہم متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ میرشکیل الرحمٰن کا کیس میرٹ پر دیکھیں۔ اعلی عدالتوں سے کئی لیڈروں کی ضمانت ہوئی اور نیب کے مقدمات جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔ مجھے امید ہے میرشکیل الرحمٰن کو اعلی عدالت سے ہی انصاف ملے گا۔

تازہ ترین