• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم شہدائے کشمیر، قومی اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور

قومی اسمبلی اجلاس میں یوم شہدائے کشمیر پر متفقہ قرار داد منظور کرلی گئی۔

قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان متفقہ طور پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم اور جبر و استبداد کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جائز جدوجہد آزادی کی بھرپور سفارتی و سیاسی مدد کا اظہار کرتاہے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ یہ ایوان اقوام متحدہ اور اقوام عالم سے کشمیر میں جاری بھارتی قتل و غارت کو رکوانے کا مطالبہ کرتا ہے۔ قرارداد پر تمام جماعتوں کے ارکان نے دستخط کیے۔

دنیا بھر میں یوم شہدائے کشمیر

یوم شہدا ئے کشمیر پر کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر آج دنیا بھر میں یوم شہدائے کشمیر منایا گیا۔

اس موقع پر جموں کشمیر کی دونوں جانب تقاریب جلسے جلوس ریلیاں نکالی گئیں۔

آزاد کشمیر کے صدر مقام مظفر آباد، ضلع نیلم، ہٹیاں بالا،باغ، پونچھ حویلی سمیت مختلف اضلاع میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

یوم شہدا ئے کشمیر پر مظفر آباد آزادی چوک کی فضائیں اذان سے گونج اٹھیں جبکہ وزیراعظم سیکریٹریٹ میں منعقدہ خصوصی تقریب میں شہدا کوسلامی پیش کی گئی۔

13 جولائی1931ء کو ڈوگرہ فوج نے سری نگر میں 22 بے قصور کشمیریوں کوشہید کردیا تھا، اس شہادت کی یاد میں آج یوم شہدا کشمیر منایا گیا۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر مسعود خان اور وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے خصوصی پیغامات جاری کیے۔

مسعود خان نے کہا کہ شہداء کا خون ہم پر قرض ہے جبکہ راجا فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیر کا بچہ بچہ بھارت کے خلاف کمر بستہ اور آزادی کی جدوجہد میں جوانوں کے شانہ بشانہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کشمیریوں کے تشخص کو مٹانا چاہتا ہے، شہداء کے مقدس لہو سے آزادی حاصل ہوگی۔

صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے سوال اٹھایا کہ آزادی پسند قوتوں کو کشمیر میں ہونے والا جبر کیوں نظر نہیں آتا؟۔

میرپور آزاد کشمیر میں بھی ڈپٹی کمشنر دفتر میں یوم شہدا کشمیر کی دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔

نیلم، ہٹیاں بالا، باغ، پونچھ حویلی سمیت دیگر اضلاع میں بھی تقاریب، جلوس اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

ان اضلاع میں شرکا نے مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا۔

تازہ ترین