وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ عیدالاضحی پر کسی قسم کی نرمی وبا کے پھیلاؤ میں اضافہ کرسکتی ہے۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد سے متعلق ڈیجیٹل ڈیٹا کے تجزیے پر غور کیا گیا۔
اسد عمر نے کہا کہ عوام کی صحت اور حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، عیدالاضحی پر کسی بھی قسم کی نرمی وبا کے پھیلاؤ میں اضافہ کرسکتی ہے، تمام صوبے یقینی بنائیں کہ حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد ہو۔
انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں کے انعقاد میں تمام حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
اس کے علاوہ اسد عمر نے کہا کہ یکم جون سے15 جون تک اوسط 23403 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے اوسط 5056 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ یکم جولائی سے 15 جولائی تک اوسط 22969 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے اوسط 3097 کیسز رپورٹ ہوئے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مریضوں میں کمی عوام کےحفاظتی تدابیر اور انتظامی اقدامات کا نتیجہ ہے، ٹیسٹ میں کمی کی وجہ سے نہیں بلکہ احتیاط میں کمی سے وبا کا پھیلاؤ بڑھ سکتا ہے۔