• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار ہارون رشید کا کہنا ہے کہ اُن کی اہلیہ فروا سے اُن کی پہلی شادی ہے اس سے قبل وہ کبھی کسی کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک نہیں ہوئے۔

گزشتہ ماہ فروا نامی لڑکی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے والے گلوکار ہارون رشید نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی اہلیہ کی سالگرہ کی تصاویر پوسٹ کیں جن میں اُن کی اہلیہ کیک کاٹتی نظر آرہی ہیں۔


تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے ہارون نے اپنی اہلیہ کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’یہ پہلا موقع ہے کہ جب ہم میاں بیوی کی حیثیت سے تمہاری سالگرہ منا رہے ہیں۔‘

گلوکار نے اپنی اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ ایک خوبصورت شخصیت کی مالک ہیں اور میں اللّہ کا بہت شُکر گزار ہوں کہ اُس نے آپ کو میری زندگی میں شامل کیا۔‘

ہارون رشید نے سوشل میڈیا صارفین کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’جب سے میری اور فروا کی شادی ہوئی ہے تو اُس کے بعد سے مجھ سے سوال کیے جارہے ہیں کہ کیا یہ آپ کی دوسری شادی ہے؟


گلوکار نے لکھا کہ ’میں آپ سب کو بتاتا چلوں کہ فروا سے میری پہلی شادی ہے، میں نے اس سے قبل کبھی کسی سے شادی نہیں کی کیونکہ مجھے کبھی شادی کرنے کی خواہش ہی نہیں ہوئی۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں خوشی خوشی ایک زندگی گزار رہا تھا لیکن یہ صرف اس وقت تک ہی تھا کہ جب تک میں اپنی اہلیہ سے نہیں ملا تھا اور فروا سے ملنے کے بعد سب کچھ بدل گیا۔‘

واضح رہے کہ 47 سالہ ہارون نے گزشتہ ماہ ہی فروا نامی لڑکی سے شادی کی ہے، شادی کی تقریب کا اہتمام گھر میں ہی کیا گیا جس میں قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔

تازہ ترین