• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محبت بھرے پیغامات بھیجنے والوں کا شکریہ: ہارون


حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے گلوکار ہارون نے شادی کی خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے محبت بھرے مبارکباد کے پیغامات بھیجنے والوں کا شکریہ ادا کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر اپنی شادی کی تقریب کے دوران لی گئیں دلکش تصویریں شیئر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں ایک سادہ سی شادی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔


انہوں نے لکھا کہ ’ایک حیرت انگیز انسان سے شادی کر کے خوشی اور فخر کی ملی جلی کیفیات ہیں، بلاشہ سچی محبت ایک طاقتور اور خوبصورت جذبہ ہے۔‘

مقبول ترین گانے ’محبوبہ‘ سے مشہور ہونے والے ہارون نے اپنی محبوبہ کیلئے لکھا کہ اپنی زندگی کے اس بڑے دن کیلئے انہوں نے ساری زندگی انتظار کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’اپنی زندگی کے اس نئے باب کو اپنی اہلیہ کے ساتھ گزارنے اور زندگی کو خوبصورت بنانے کیلئے منتظر ہوں۔‘

اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے لکھا کہ وہ یہ خوشی کی خبر اپنے مداحوں اور دوستوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں۔

ہارون نے یہ یہ بھی لکھا کہ اس سے قبل ہی جن تمام احباب نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ان کے مبارکباد کے پیغامات نے مجھ میں خوشی کی ایک نئی لہر دوڑا دی ہے۔

واضح رہے کہ 47 سالہ ہارون برطانوی نژاد پاکستانی گلوکار، میوزک پروڈیوسر، کمپوزر، ڈائریکٹراور سماجی کارکن ہیں۔

ہارون 90 کی دہائی میں سابقہ پوپ بینڈ ’آواز‘ کے رکن تھے جس دوران ان کے البمز کی لاکھوں کاپیاں فروخت ہوئیں جبکہ وہ ویمبلے ارینا جیسے بڑے مقامات پر اپنے فن کا بھی مظاہرہ کرچکے ہیں۔

تازہ ترین