خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبے میں پولیو مہمات میں تعطل سے بچوں کی قوت مدافعت کم ہونے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
صوبائی وزیرصحت نے کہا کہ پولیو مہم کی بحالی کا فیصلہ وفاقی حکومت، معاون اداروں کی مشاورت سے کیا، جبکہ پولیو مہم کے لیے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 609 ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔
تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ مہم کے لیے 594 موبائل، 15فکسڈ ٹیمیں، نگرانی کے لیے167 ایریا انچارج تعینات ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران پولیو ورکرز کے لیے سیکورٹی کے خاطرخواہ انتظامات کئے گئے ہیں، جبکہ پولیو ورکرز، اسٹاف کو کورونا وباء کے تناظر میں محفوظ ویکسینیشن کی تربیت دی گئی۔
وزیرصحت نے کہا کہ مہم کے دوران سماجی فاصلہ، ضوابط پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنایا جائے گا، پولیو ورکرز کو ماسکس، ہینڈ سینیٹائزرز، انفرا ریڈ تھرما میٹرز اور دیگر حفاظتی سامان دیا گیا ہے۔
تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ مشکل حالات میں پولیو مہمات کا انعقاد بچوں کی صحت اور تحفظ کے عزم کی عکاسی ہے، والدین بچوں کو پولیو سے بچانے کے لئے آگے آئیں اور ان مہمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔