اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان 3 بار رابطہ ہوچکا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں رانا ثنا اللّٰہ نے انکشاف کیا کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے لیے ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور بلاول بھٹو اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی سے متعلق 3 بار ٹیلیفونک رابطہ کرچکے ہیں۔
سینئر ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس ہر صورت ہوگی اور وہ اپنے اہداف کو بھی مکمل طور پر حاصل کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی کا مقصد صرف اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کرنا نہیں ہے بلکہ عوام کے حقیقی مسائل حل کرنا اور ان کی زندگیوں کو آسان بنانا ہے۔