لاہور کے مختلف علاقوں میں آج ہونے والی موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کردیا۔
لاہور اور گرد و نواح میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے حبس اور گرمی کا زور توڑ دیا ہے۔
لاہور میں سہ پہر سے ہی آسمان پر سیاہ بادل چھا گئے اور دن میں رات کا سماں پیدا ہوگیا۔
ڈیوس روڈ، مال روڈ، گڑھی شاہو، دھرم پورہ میں بارش ہوئی تو ایمپریس روڈ، ایجرٹن روڈ، کینال روڈ اور علامہ اقبال روڈ پر بادل جم کر برسے۔
لاہور کے ساتھ شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور اور ساہیوال میں بھی بارش ہوئی، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جو منگل کی شام تک جاری رہے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دروان مطلع جزوی ابر آلود، تیز ہوائیں اور صبح و رات میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا ہے۔