چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنا وقت وسائل اور سیاسی طاقت پی پی پی پر حملوں میں جھونک دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہیں پی پی پی کی تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ اس کی کوئی حیثیت نہیں۔
اپنی بات کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں ایسے لوگوں سے کہوں گا کہ پی ٹی آئی نے اپنا وقت، وسائل اور سیاسی طاقت پیپلز پارٹی پر حملوں میں جھونکی ہوئی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اگر پی پی پی کوئی حیثیت ہی نہیں رکھتی تو کیوں وزیراعظم عمران خان کے دماغ پر ہمیشہ پیپلز پارٹی ہی سوار رہتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر ہم سندھ سے باہر خطرہ نہیں ہیں تو آپ خود کو اتنا غیر محفوظ کیوں تصور کر رہے ہیں؟
قبل ازیں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔