کراچی (نیوزڈیسک) سنتھیا رچی کیس، پولیس نے رحمان ملک اور یوسف رضا گیلانی پر عائد الزامات مسترد کردیئے،اسلام آباد پولیس کے مطابق سنتھیا رچی نے کسی بھی قسم کے شواہد یا ثبوت پیش نہیں کیے گئے،جب کہ پولیس نے عدالت میں تفصیلی رپورٹ جمع کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، اسلام آباد پولیس نے ایک بار پھر سنتھیا رچی کی جانب سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سینیٹر رحمان ملک پر عائد الزامات مسترد کردیئے ہیں۔
پولیس نے الزامات کو بےبنیاد قرار دیا ہے۔ پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ سنھتیا رچی کی درخواست کو خارج کردیا جائے۔ اسلام آباد پولیس کے ایس پی نے ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کی عدالت میں تفصیلی رپورٹ جمع کراتے ہوئے کہا کہ سنتھیا رشی اپنے الزامات کی تائید میں کسی بھی قسم کے شواہد یا ثبوت پیش کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں۔
پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ سنتھیا کی جانب سے یہ الزام بھی عائد کیا گیا تھا کہ انہیں سوشل میڈیا اور واٹس ایپ پر پیپلز پارٹی کارکنان نے دھمکیاں دی ہیں مگر اس حوالے سے انہوں نے نا ہی کوئی نمبر فراہم کیا اور نا ہی کوئی پیغام دکھایا۔ جب کہ یہ جرائم سائبر کرائم کے زمرے میں آتے ہیں جو کہ ایف آئی اے کا دائرہ اختیار ہے۔