اسلام آباد (ناصر چشتی) وفاقی وزیر مواصلات مرادسعید نے وزرائے اعظم کے غیرملکی دوروں کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ہمیں یہ بتایا جائے کہ نجی دوروں کے اخراجات سرکاری خزانہ سے کیوں ادا کئے گئے‘ اس سلسلہ میں ایک کیس نیب میں بھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں گزشتہ روز وزارت خارجہ نے وقفہ سوالات کے دوران 2008سے لیکر 2018 تک وزرائے اعظم کے غیر ملکی دوروں پر ہونے والے اخراجات کی تفصیل پیش کی گئی۔
ایک سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف نے غیر ملکی دوروں پر 48 کروڑ 44لاکھ سے زائد خرچ کئے جبکہ نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے غیر ملکی دوروں پر ایک ارب 48لاکھ سے زیادہ خرچ کئے جبکہ وزیر اعظم عمران خان کے غیر ملکی دوروں پر اب تک 4کروڑ 56لاکھ روپے زائد اخراجات آئے ہیں۔
نواز شریف، شاہد خاقان ، راجہ پرویز اشرف کے نجی دوروں کے اخراجات بھی سرکاری خزانے سے ادا کئے گئے سوال کے جواب کے دوران مسلم لیگ (ن) کے مشاہد اللہ نے کہا کہ یہ تفصیلات کئی دفعہ آچکی ہیں ۔ سینیٹر عبدالقیوم نے کہاکہ دورے ملکی مفاد میں کئے گئے ان باتوں سے کیا فائدہ ۔ مشاہد اللہ خان اس دوران بار بار بولتے رہے۔
مراد سعید نے کہا کہ ان دوروں کی تفصیلات کابینہ میں بتائی گئیں‘ ہم کو یہ بتایا جائے کہ نجی دوروں کے اخراجات سرکاری خزانہ سے کیوں ادا کئے گئے اس سلسلہ میں ایک کیس نیب میں بھی ہے۔