• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی مخالفین کو بلیک میل کرکے بھی حکومت مدت پوری نہیں کرسکے گی

حکومت سیاست کے مخالفین اور میڈیا مالکان کو بلیک میل کرکے بھی اپنی آئینی مدت پوری نہیں کرسکے گی۔

 مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان کا مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے اعزاز میں منعقد کی جانے والی تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان کی کمزور حکومت کے قیام کے بعد سے ہی ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف، ان کے بھائی اور ن لیگ کے صدر میاں شہباز شریف، میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز، شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو مسلسل قید میں رکھا جارہا ہے، جس کا مقصد حکومت کی نااہلی کو چھپانا ہے۔

ملک نور اعوان نے کہا کہ ن لیک کے علاوہ ملک کی تیسری بڑی جماعت پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کو جیل میں ڈالا گیا، ن لیگ کے رہنما رانا ثنا اللّٰہ، خواجہ سعد رفیق، شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال جیسے ایماندار لوگ جیلوں میں ڈالے گئے جو جعلی اور جھوٹے مقدمات اور کوئی ثبوت نہ ہونے کے سبب عدالتی راستوں سے باہر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  ملک کی پوری اہم سیاسی قیادت اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوں کو جیل میں ڈال دیا گیا ہے تاکہ حکومتی مدت پوری کی جاسکے جبکہ اب میڈیا کے سب سے بڑے گروپ کے سربراہ میر شکیل الرحمٰن کو چار ماہ سے زائد ایک چونتیس برس پرانے کیس میں قید میں رکھا جارہا ہے تاکہ ملک سے سب سے بڑے نیوز چینل جیو نیوز اور اخبار کو بلیک میل کیا جاسکے۔

حکومت کو معلوم ہونا چاہیے اپوزیشن کو بند کرکے میڈیا کی آواز دبا کر آپ حکومتی مدت پوری نہیں کرسکتے۔

اس موقع پر ن لیگ کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے کہا کہ سینئر صحافی مطیع اللّٰہ جان کے اغوا سے پاکستان کی پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہوئی ہے، پاکستان کا امیج پوری دنیا میں خراب ہوا ہے

ملک یونس نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام مخالف اسیر رہنماوں کو فوری طورپر رہا کیا جائے جبکہ ن لیگ کے جنرل سیکریٹری شمس بٹ نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ ملک میں جاری جمہوری عمل کو غیر جمہوری طریقے سے چلائے جانے کا نوٹس لیا جائے اور پاکستان میں جمہوریت کو اس کی اصل روح کے مطابق بحال کیا جائے۔

اس موقع پر ن لیگ جاپان کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری چوہدری عنصر گجر نے کہا کہ ظلم کے دن گنے جا چکے ہیں اور حکمرانوں کو جلد ہی کیفر کردار سے گزرنا ہوگا اور جس طریقے سے ن لیگ کی قیادت کو بے گناہ جیلوں میں رکھا گیا ہے آنے والے دنوں میں حکمرانوں کو بھی سلاخوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان کی جانب سے دیئے جانے والے عشائیے میں ن لیگ جاپان یوتھ ونگ کی قیادت سمیت جاپان کے معروف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

تازہ ترین