اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج ناصرجاوید رانا نے سینیٹر رحمان ملک کی امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کے خلاف توہین عدالت درخواست پر سماعت ملتوی کردی۔ پیر کو سماعت کے دوران سنتھیا رچی کے وکیل عمران فیروز ملک نےوکالت نامہ جمع کرا دیا، بعد ازاں عدالت نے سماعت8ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔ہرجانے کا دعوی اور توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ایک ساتھ 8ستمبر کو ہو گی۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر بیان بازی سے نہ رکنے پر رحمان ملک نے سنتھیا رچی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کررکھاہےکہ عدالت نے 29 جون کو سنتھیا رچی کو رحمان ملک کے خلاف بیان بازی نہ کرنے کا حکم دیا تھا،عدالتی حکم کے باوجود سنتھیا رچی ٹویٹر پر میرے خلاف بیان بازی کر رہی ہے، رحمان ملک کی توہین عدالت درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ عدالتی حکم عدولی پر سنتھیارچی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے،رحمان ملک نے سنتھیا رچی کے خلاف 50ارب روپے ہرجانے کا دعوی بھی دائرکررکھا ہے۔