• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسراء بلجیک کو پاکستان میں کیا مل گیا؟

شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اسراء بلجیک کے نئے ٹوئٹ نے پاکستانی مداحوں کو شش و پنج میں مبتلا کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ نے پاکستانیوں کیلئے مختصر پیغام شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں پاکستان میں اپنا نمبر ون مل گیا ہے۔

اداکارہ کی جانب سے اس قدر مختصر اور بغیر کسی اشارے کے کئے گئے ٹوئٹ نے پاکستانی شائقین کو حیرت اور گومگو کی کیفیت میں مبتلا کردیا اور اسراء کا یہ ٹوئٹ سوشل میڈیا پر ایک گرما گرم موضوع بن گیا۔

پاکستانی شائقین کی جانب سے اداکارہ کے ٹوئٹ پر تبصرے کرتے ہوئے اندازے لگائے گئے کہ پاکستان میں ایسا کون ہے جو اسراء کا نمبر ون ہوسکتا ہے۔

مصباح نامی صارف نے سوال کرتے ہوئے لکھا کہ اسراء کا پاکستان میں نمبر ون کون ہوسکتا ہے؟اس ٹوئٹ نے تو مجھے متجسس کردیا ہے۔

اسراء کے ٹوئٹ پر کچھ پاکستانی شائقین وضاحت طلب کرتے تو کچھ مشورے دیتے اور کچھ مزاحیہ تبصرے کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

پی ایس ایل میمز نامی اکاؤنٹ نے اسراء کے ٹوئٹ پر مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے بابر اعظم کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ پاکستان میں تو بابر ہی نمبر ون ہے۔

ایک صارف نے اسراء کو مشورہ دیا کہ وہ کمنٹس ضرور پڑھیں، اس طرح وہ لطف اندوز ہونے کا بہترین موقع حاصل کرسکتی ہیں۔

ایک صارف نے بڑی تعداد میں جواب دینے والے اسراء کے پاکستانی مداحوں کیلئے لکھا کہ اس ٹوئٹ پر تمام تر جوابات اور تبصرے خوب مزاح سے بھرپور ہیں، ساتھ ہی صارف نے یہ تُرک سیریز میں حلیمہ سلطان کے نبھائے گئے کردار کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ چھوڑ دو حلیمہ سلطان کو بھائی اب۔

واضح رہے کہ دو ہفتہ قبل اسراء کو پاکستان میں نمبر ون موبائل کمپنی کا دعویٰ کرنے والی کمپنی کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کردیا گیا تھا۔

موبائل کمپنی نے اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں یہ اعلان کیا تھا کہ ’حلیمہ سلطان‘ کو برانڈ ایمبسیڈر بنادیا گیا ہے۔

اسمارٹ فون کمپنی کیو موبائل نے سوشل میڈیا کے ذریعے اعلان کیا کہ اسراء بلجیک کو نئی ڈیوائس ویو میکس پرو کے لیے برانڈ ایمبیسڈر مقرر کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین