• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسراء بلجیک پاکستانی کمپنی کی برانڈ ایمبیسڈر بن گئیں

اسلامی تاریخ کی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنے والی  تُرک اداکارہ اسراء بلجیک پاکستانی موبائل کمپنی کی برانڈ ایمبیسڈر بن گئیں۔

اسراء بلجیک نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اس بات کا انکشاف کیا تھا وہ جلد ہی پاکستان کے 3 مقبول ترین برانڈز کے ساتھ کام کریں گی لیکن اِس حوالے سے اُنہوں نے برانڈز کے نام پوشیدہ ہی رکھے تھے اور کہا تھا کہ وہ جلد ہی پریس ریلیز کے ذریعے برانڈز کے نام بتائیں گی۔

اب اسراء بلجیک کی جانب سے تو کوئی بیان سامنے نہیں آیا تاہم معروف موبائل کمپنی نے اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں یہ اعلان کیا ہے کہ ’حلیمہ سلطان‘ کو برانڈ ایمبسیڈر بنادیا گیا ہے۔

اسمارٹ فون کمپنی کیو موبائل نے سوشل میڈیا کے ذریعے اعلان کیا کہ اسراء بلجیک کو نئی ڈیوائس ویو میکس پرو کے لیے برانڈ ایمبیسڈر مقرر کردیا گیا ہے۔


کمپنی نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا یہ پہلا پاکستانی برانڈ ہے جس نے ارطغرل ڈرامے سے شہرت پانے والی اداکارہ کو اپنے نئے فون کی مہم کا حصہ بنایا ہے۔

اس سے قبل اسراء بلجیک نے اُردو میں ایک پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ تُرکی سے باہر کسی بھی انتظامی کمپنی سے وابستہ نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: تُرکی سے باہر کسی انتظامی کمپنی سے وابستہ نہیں، اسراء بلجیک

انسٹاگرام کی اسٹوری میں اداکارہ نے اُردو میں لکھا کہ ’میری آفیشنل مینجر اور واحد نمائندہ صرف ڈیوگو دروکان جیجی ہے تو آپ کسی بھی منصوبے، اشتراک یا شراکت داری کے لیے اِن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے اسراء بلجیک کو فرنچائز کا برانڈ ایمبیسڈر بنانے کے حوالے سے کرکٹ شائقین سے مشورہ مانگا تھا۔

اس کے بعد سے اسراء کی جانب سے پشاور زلمی کو ٹیگ کرتے ہوئے پاکستانیوں کو جلد خوشخبری سنانے کا ایک پیغام بھی سامنے آیا تھا۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر پشاور زلمی کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ کو بھی فالو کرلیا ہے۔

تازہ ترین