• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرولیم مصنوعات کی قلت کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام کی منظوری


وفاقی کابینہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قلت کی تحقیقات کے لیے کمیشن کے قیام کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 22 جولائی کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی معاشی، سیاسی اور کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ شرکاء کو معاشرتی اعشاریوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام میں احتیاط نہ کی گئی تو صورتحال خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی کہ وہ آن لائن قربانی کو ترجیح دیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں اسلام آباد میں گھروں میں کام کرنے والے ورکرز کے تحفظ کا بل منظور کیا گیا جبکہ نیوی سیلنگ کلب سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔

پی آئی اے، کے آر پی ٹی، ایریل ورک اور چارٹر لائسنس کی تجدید بھی زیر غور آئی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے پاکستان گلوبل انسٹیٹیوٹ روات کے چارٹر کی منظوری دے دی گئی۔

تازہ ترین