• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف اور برطانوی ہائی کمشنر کے درمیان ویڈیو کانفرنس


پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اپوزیشن پاکستان کی تاریخ کی سب سے ذمہ دار اپوزیشن ہے، اپوزیشن تعمیری انداز میں کردار ادا کر رہی ہے۔

میاں محمد شہباز شریف اور برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر کے درمیان ویڈیو کانفرنس ہوئی جس میں شہباز شریف نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان  تعلقات کی اہمیت اجاگر کی۔

 شہباز شریف کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تاریخی اور احترام پر مبنی تعلقات ہیں۔

شہباز شریف نے سیاست سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن تعمیری انداز میں کردار ادا کر رہی ہے، خوشحالی اور عوام کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، معاشی چیلنجز تشویشناک ہیں، اپوزیشن آئینی ذمہ داری ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے دہشت گردی کے عفریت کو کامیابی سے شکست دی، ن لیگ نے توانائی کی قلت کا مسئلہ حل کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ وقت تصادم اور ٹکراؤ کا نہیں آگے بڑھنے کا ہے۔

شہباز شریف سے ویڈیوکانفرنس کے دوران برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے شہباز شریف کی صحت کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا اور اُن کی کارکردگی کو سراہا۔

برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر کا کہنا تھا کہ ڈیفید اور برطانوی معاونت کے منصوبے کامیابی سے مکمل ہوئے، کورونا کے باوجود برطانیہ پاکستان میں ترقیاتی پروگرامز کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور برطانیہ ترقی کے مشترکہ اہداف کے لیے کوشاں رہیں گے۔

تازہ ترین