• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ دنوں بریسٹ کینسر کو شکست دینے والی پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل کا کہنا ہے کہ اُن کی زندگی کے مشکل ترین وقت میں اُن کے تمام چاہنے والوں نے اُنہیں بےحد طاقت دی۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر نادیہ جمیل نے ایک سفید رنگ کے چائے کے کپ کی تصویر شیئر کی جس پر کالے رنگ سے انگریزی زبان میں لکھا ہوا ہے ’نادیہ کینسر کو شکست دینے والی نِنجا‘ اور اُس کے ساتھ ہی چائے کے کپ پر ماضی کے معروف کارٹون کردار ’نِنجا‘ کی تصویر بھی شائع کی ہوئی ہے۔

نادیہ جمیل نے ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے تمام چاہنے والوں کی نیک تمناؤں اور دُعائیہ پیغامات کے لیے شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ ’آپ سب کی میرے لیے بے انتہا محبت، تبصرے اور حمایتی الفاظ ہمیشہ مجھے خوش کردیتے ہیں۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’میں اپنے چاہنے والوں کے تمام پیغامات پڑھتی ہوں اور پھر آنکھوں میں خوشی کے آنسو لیے مُسکرا دیتی ہوں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں آپ میں سے ہر ایک کو انفرادی طور پر جواب نہیں دے سکتی ہوں لیکن میرے تمام چاہنے والوں نے مجھے بے مثال اُمید اور طاقت دی ہے اور میرے مشکل وقت میں مجھے بااختیار بنایا ہے۔‘

واضح رہے کہ رواں سال بریسٹ کینسر کا شکار ہونے والی نادیہ جمیل نے گزشتہ دنوں ہی اپنے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے بتایا تھا کہ وہ بریسٹ کینسر کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

تازہ ترین