• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نادیہ جمیل اسپتال سے ڈسچارج، مداحوں کی شکر گزار


بریسٹ کینسر کو شکست دینے والی پاکستان کی معروف اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل نے سوشل میڈیا پر اپنے چاہنے والوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر نادیہ جمیل نے اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں اداکارہ بریسٹ کینسر کو شکست دینے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج ہوکر اپنے گھر واپس جار ہی ہیں۔


ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے نادیہ جمیل نے لکھا کہ ’یہ وہ دن تھا کہ جب میں اسپتال سے ڈسچارج ہوئی اور میں اپنی زندگی کے اِس خاص موقع پر اُن تمام لوگوں کی شکرگزار ہوں جنہوں نے اس مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا اور میری صحتیابی کے لیے دُعا کی۔‘

نادیہ جمیل نے لکھا کہ ’مجھےاسپتال کا وہ تیسرا دن یاد ہے جب میں نے آخری الفاظ یہ سُنے تھے کہ ہمیں اِن کو کھو رہے ہیں۔‘

اداکارہ نے اپنے علاج کے وقت کو یاد کرتے ہوئےلکھا کہ ’میں علاج کے دوران یہ سوچ رہی تھی کہ اگر مجھے کچھ ہوگیا تو میرے کُتے کا خیال کون رکھے گا اور پھر اُس کے بعد میں نے خود سے کہا کہ اِس مشکل وقت میں کلمہ پڑھو۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’مجھے دوران علاج کی اپنی تنہائی یاد ہے اور میں آج بھی وہ سب محسوس کرسکتی ہوں، مجھے یاد ہے کہ جب مجھے انجیکشنز اور ڈرپ لگتی تھیں تو مجھے بہت تکلیف ہوتی تھی اور پھر میں اللّہ تعالیٰ سے دُعا کرتی تھی کہ مجھے یہ سب برداشت کرنے کے لیے مضبوط بنا۔‘

نادیہ جمیل نے لکھا کہ ’اِس پورے عرصے کے دوران میں جب بھی اپنا فون اُٹھاتی تھی تو آپ سب کے محبت بھرے پیغامات دیکھ کر خوش ہوجاتی تھی اور مُسکرانے لگتی تھی۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں واقعی بہت خوش قسمت ہوں کہ مجھے آپ سب کا پیار ملا، میں بھی آپ سے اُتنی ہی محبت کرتی ہوں جتنی آپ سب مجھ سے کرتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ نادیہ جمیل نے گزشتہ دنوں ہی اپنے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے بتایا تھا کہ وہ بریسٹ کینسر کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

تازہ ترین