• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی ماڈل اور گلوکارہ ایان علی کا کہنا ہے کہ وہ آج جو کچھ بھی ہیں صرف اللّہ تعالیٰ اور اپنے اہلخانہ کی وجہ سے ہیں اور یہی ان کی کامیابی کا راز ہے۔

گزشتہ روز ایان علی نے اپنی 27ویں سالگرہ منائی جس کی تصاویر کا فوٹو کولاج اُنہوں نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیا اور اُس کے ساتھ ہی خصوصی پیغام بھی جاری کیا۔

ایان علی کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کیے جانے والے فوٹو کولاج میں پانچ مختلف اقسام کے کیک رکھے ہوئے ہیں جبکہ میز کے اردگرد سالگرہ کے لیے خصوصی طور پر غبارے بھی لگائے گئے ہیں۔

گلوکارہ و ماڈل نے اپنے ٹوئٹ میں خود کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’الحمداللّہ !میں آج جو کچھ بھی ہوں صرف اللّہ تعالیٰ اور اپنے اہلخانہ کی وجہ سے ہوں، یہی میری کامیابی کا راز ہے۔‘

اُنہوں نے سالگرہ کے کیک کے بارے میں بتایا کہ ’سفید، گولڈن اور نیلے رنگ کے کیک اُن کے اہلخانہ کی طرف سے ہیں جبکہ گولڈن اور کالا کیک جوکہ سب سے خوبصورت اور بڑا کیک ہے وہ ایان علی کی سب سے بہترین سہیلی نینی نے بطور تحفہ دیا ہے۔‘

ایان علی نے اپنے دوستوں اور اہلخانہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے لکھا کہ ’میں آپ سب کی مشکور ہوں اور آپ کی پیشہ ورانہ زندگی اور آخرت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کرتی ہوں۔‘

آخر میں اُنہوں نے لکھا کہ ’منفییت سے بڑھ کر، مشرق ہو یا مغرب ہو، مثبتیت سب سے بہترین ہے۔‘

واضح رہے کہ اس سے قبل ایان علی نے اپنے مداحوں کو اُن کے نئے ایلبم کے لیے مزید انتظار نہ کرواتے ہوئے ایلبم کے ریلیز ہونے کی تاریخ بتائی تھی۔

انسٹاگرام پر ایان علی نے اپنی ایک بولڈ تصویر پوسٹ کی تھی جس میں وہ سیاہ رنگ کے مغربی لباس میں ملبوس تھیں جبکہ تصویر دیکھ کر لگ رہا تھا کہ یہ تصویر اُن کے نئے ایلبم کے کسی ایک گانے کی ہے۔


تصویر پوسٹ کرتے ہوئے ایان علی نے بتایا تھا کہ اُن کا نیا ایلبم ’Nothing Like Everything‘ رواں سال 3 اگست کو ریلیز کیا جائے گا اور یہ ایلبم دُنیا بھر میں 200 سے زائد اسٹورز پر جاری کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ایان علی 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد ائیرپورٹ سے پانچ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے امریکی ڈالر دبئی اسمگل کرتے ہوئے گرفتار ہوئی تھیں۔

منی لانڈرنگ کیس میں 2 سال تک ایان علی عدالت میں پیش ہوتی رہیں تاہم 2017 میں دبئی جانے کے بعد سے وہ عدالت کی سماعتوں میں غیر حاضر رہیں۔

تازہ ترین