کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور سندھ حکومت کے وزراء کی اہم ملاقات ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے وزیر اطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور وزیر تعلیم و محنت سعید غنی نے بلاول ہاؤس میں تفصیلی ملاقات کی ۔ اس موقع پر سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو کراچی سمیت پورے سندھ کی انتظامی صورتحال پر بریف کیا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سید ناصر حسین شاہ سے بارشوں کے بعد شہر قائد کی صورتحال کے حوالے بھی دریافت کیا۔ سید ناصر حسین شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انتظامی طور پر ایم کیوایم کی شہری حکومت کے تحت کراچی میں نکاسی کا نظام تباہ ہوچکا ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ سندھ حکومت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو دعوت دی ہے کہ وہ الزام تراشیوں کے بجائے مسائل کے حل کیلئے آگے آئیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پی پی کراچی کے صدر سعید غنی نے شہرقائد کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ عناصر شہر قائد کے مسائل کے حل کے بجائے انکی بنیاد پر اپنی مذموم سیاست چمکانے کی کوشش کرتے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ شہر قائد سے منتخب ایم کیوایم اور پی ٹی آئی کے نمائندے عوام کیلئے کچھ کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پی پی پی کے جیالے رہنما و کارکنان بارشوں کے بعد کے حالات میں عوام کے ساتھ کھڑے رہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر شہر قائد کے مسائل کے حل کے سلسلے میں پاکستان پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کے کردار کی حوصلہ افزائی کی۔