بلوچستان کے ضلع ژوب اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، تاہم اس سے کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کلمۂ طیبہ پڑھتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیماء مرکز کے مطابق ژوب میں آنے والے زلزلے کی شدت 3 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر زیرِ زمین اور اس کا مرکز ژوب سے 52 کلو میٹر جنوب مشرق میں تھا۔
یہ بھی پڑھیئے: بلوچستان میں زلزلے کے جھٹکے
ژوب کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق زلزلے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
واضح رہے کہ ضلع ژوب میں گزشتہ روز بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔