وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ رواں مالی سال وفاق اور صوبائی حکومت بلوچستان کی ترقی پر مجموعی طور پر 200 ارب روپے خرچ کریں گی، وفاقی وزیر نے گوادر اور خصوصاً جنوبی بلوچستان کی ترقی کیلئے تیز بنیادوں پر ترقیاتی پروگرام تیار کرنے کی ہدایت کردی اور اس حوالے سے کمیٹیاں بھی بنادیں۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بحری امور آبی وسائل، صنعت و پیداوار، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزراء سمیت مشیر تجارت بھی شریک ہوئے۔
وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی ترقیاتی منصوبوں کے لئے بر وقت رقم جاری کرے گی، بلوچستان کی بہتری کے لئے جو بھی منصوبہ بنایا گیا ہے اسے صوبے کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حتمی شکل دی جائے گی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے اجلاس میں دو کمیٹیاں تشکیل دیں، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان کی سربراہی میں قائم کمیٹی آبی وسائل، انفراسٹرکچر، زراعت، سیاحت، توانائی جیسے شعبوں میں بلوچستان کی ترقی کے لئےلائحہ عمل بنائے گی جبکہ وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی اور مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کی سربراہی میں قائم کمیٹی گوادر کی ترقی کے امور کو دیکھے گی۔