9 اگست کو ٹائیگرفورس کا قومی دن منانے اور شجرکاری مہم کی تیاریاں جاری ہیں۔ وزیراعظم، وزرائےاعلیٰ، گورنرز، وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان صوبائی اسمبلی مہم میں حصہ لیں گے۔
اس حوالے سے معاونین خصوصی ملک امین اسلم اور عثمان ڈار نے وزیراعظم سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ عثمان ڈار اور ملک امین اسلم کا ٹائیگر فورس اور شجر کاری مہم کو تاریخی بنانے کا پلان ہے۔ پورے ملک میں ٹائیگر فورس کے اعزاز میں اور شجرکاری مہم کی تقاریب ہوں گی۔
ٹائیگر فورس 10 لاکھ کے بجائے ایک دن میں 20 لاکھ پودے لگائے گی۔ قومی شجرکاری پلان جاری، پنجاب میں 12 لاکھ 8 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔
خیبرپختونخوا میں 5 لاکھ، سندھ میں 1 لاکھ، بلوچستان میں 15ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ گلگت بلتستان ساڑھے 11 ہزار، آزاد کشمیر میں 20 ہزار 300 پودے لگائے جائیں گے۔
وزیراعظم 9 اگست کو بنی گالہ کورنگ گارڈن میں پودا لگا کر مہم کا آغاز کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب 9 اگست کو عثمان ڈارکے حلقے سیالکوٹ میں پودا لگائیں گے۔ معاون خصوصی عثمان ڈار بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ پودا لگائیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان بھی سرکاری تقریب میں پودا لگائیں گے۔ سندھ میں گورنر سندھ عمران اسماعیل پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کریں گے۔
بلوچستان میں وزیراعلیٰ بلوچستان اور گورنر بلوچستان شجرکاری مہم میں حصہ لیں گے۔ عثمان ڈار 9 اگست کو سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں کے دورے کریں گے۔