• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مانچسٹر ٹیسٹ، پاکستان نے انگلینڈ کے ہوش اڑا دیئے، شان کے شاندار 156 رنز

مانچسٹر ٹیسٹ، پاکستان نے انگلینڈ کے ہوش اڑا دیئے، شان کے شاندار 156 رنز


مانچسٹر (جنگ نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی۔ میچ کے دوسرے روز شان مسعود کی شاندار بیٹنگ کی بدولت گرین کیپس نے 326 کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا،شان نے156رنز اسکور کیے۔ اس کے بعد صرف 12 رنز پر تین وکٹیں لے کر انگلینڈ کے ہوش اڑادیے۔ کھیل ختم ہونے پر ہوم سائیڈ نے 92رنز بنائے تھے ۔اس کے چار بیٹسمین پویلین لوٹ چکے ہیں۔جمعرات کو پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو بابراعظم گذشتہ روز کے اسکور 69 رنز پر ہی جیمزاینڈرسن کا نشانہ بنے۔اس کے بعد اسد شفیق بھی 7رنزکے ساتھ پویلین لوٹ گئے اور سرفراز کی جگہ کھیلنے والے وکٹ کیپر محمد رضوان بھی نہ جم سکے اور صرف 9رنزہی بناسکے۔ لنچ تک پاکستان شدید مشکلات کا شکار تھا ۔26اوورز کے کھیل میں 48رنزکےاندر 3 وکٹیں گنوادیں تھیں ۔ اس موقع پر شان مسعود اور شاداب خان نے چھٹی وکٹ پر 105رنز کا اضافہ کیا، شاداب 45کی اننگز کھیل کر ہمت ہار بیٹھے۔شان نے اب تیز بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ڈوم بیس کے ایک اوور میں دو چھکے بھی لگائے۔پاکستان کی آخری 5وکٹیں 45رنزکے اندر گریں۔ محمد عباس اور نسیم شاہ کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے، یاسر شاہ پانچ رنز بناسکے۔پاکستان ٹیم دوسرے روزچائےکے وقفہ کے بعد 326رنزبناکر آئوٹ ہوگئی۔ جواب میں انگلش بیٹنگ کا آغاز بھیانک تھا۔ عباس اور آفریدی نے12 پر 3 ابتدائی وکٹیں اڑادیں۔رائے برنز 4پر شاہین کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو،بین اسٹوکس صفر اور8پر عباس کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔کپتان جو روٹ کو شاہین آفریدی نے ایل بی ڈبلیو کردیا لیکن ریویو نے انہیں بچالیا۔ روٹ ا ور اولی پاپ اسکور 62تک لے گئے۔ یاسر شاہ نے روٹ کو 14 رنز پر پویلین لوٹادیا۔ دن ختم ہونے پر اسکور4 وکٹ پر 92تھا۔اولی پوپ46 اور بٹلر15 پر کھیل رہے تھے۔انگلینڈ کو پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لئے مزید 234رنز درکار ہیں۔محمد عباس نے 24 رنزدیکر2،شاہین آفریدی نے12رنزکے عوض ایک اور یاسر شاہ نے 36 رنز دیکر ایک وکٹ اپنے نام کی۔

تازہ ترین