• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاشی ترقی کےلیے سب سے اہم سیکٹر تعمیرات ہے، وزیر اعظم


وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں معاشی ترقی کے لیے سب سے اہم سیکٹر تعمیرات ہے، تعمیرات سیکٹر سے روزگار کے مواقع ملیں گے۔

عمران خان نے پنجاب کےسول افسران سے ویڈیو لنک پر خطاب کیا، محکموں کے سیکریٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ریجنل پولیس افسران اجلاس میں شریک ہوئے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب بھی ویڈیو لنک اجلاس میں موجود تھے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو مشکل معاشی صورتحال کا سامنا رہا، معیشت قرضوں کے بوجھ تلےدبی رہی اور تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے مطلوبہ وسائل کی کمی درپیش رہی، کرپشن کی وجہ سے بھی معیشت کو بےحد نقصان پہنچا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت نےکرپشن کےخلاف جہاد شروع کیا، ساٹھ کی دہائی میں پاکستان کی ترقی کی مثالیں دی جاتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن ہمیشہ اوپر اور ایلیٹ طبقے سے شروع ہوتی ہے، ہمارا جینا مرنا اسی ملک میں ہے، آئندہ نسلوں کےلیےنظام ٹھیک کرنا ہے، گورننس کی بہتری ملکی ترقی کےلئےضروری ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مدینہ کی ریاست کا مقصد قانون کی بالا دستی، کمزور کا تحفظ،  تعلیم کا فروغ تھا، اس مقصد کے حصول کےلیے افسران کا اہم ترین کردار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ غریب آدمی سے ہمدردی رکھیں، تھانا کلچر ختم کردیں، جبکہ کرپشن اور نااہلی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، محکموں میں جزا، سزا کا نظام متعارف کرایا جائے تاکہ کارکردگی میں بہتری آئے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کےدوران موثر اقدامات پر پنجاب انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آپ پر کوئی سیاسی دباؤ نہیں ہوگا، میریٹ پر کام کریں اور میں ہر اس افسر کے ساتھ ہوں جو میرٹ پر کام کرے گا۔

تازہ ترین