کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ پر پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک شہر ی جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹیکنو سٹی کے قریب 3 شہریوں کا آپس میں جھگڑا ہوا تاہم قریب موجود مدد گار 15 کے اہلکاروں نے وہاں پہنچ کر ڈکیتی کے اندیشے میں فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے باعث 48 سالہ اسلم موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ 26 سالہ محمد یونس زخمی ہوگیا۔
واقعے کی فوری بعد کی فوٹیج منظر عام پر آگئی، مدد گار 15 کے اہلکاروں نے ابتدا میں واقعے کو ڈکیتی اور مزاحمت قرار دیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق موبائل میں سوار سپاہی عمران حبیب، سرفراز اور عمران کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق پولیس اہلکاروں نے شہری کو مشکوک سمجھ کر فائرنگ کی، واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی اور ساتھ ہی کہا کہ ایسے واقعات کسی صورت قبول نہیں۔