• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارش کے بعد 500 فیڈرز ٹرپ، کراچی بجلی سے محروم


کراچی میں بارش کے باعث ’کے الیکٹرک ‘ کے 500 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے ہیں۔

شہر میں ابر رحمت، کےالیکٹرک کے فیڈرز ٹرپ کرجانے کے باعث زحمت بن گیا، بارش کے بعد کراچی کا بیشتر حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔

شاہ فیصل ٹاؤن، ماڈل کالونی، ناظم آباد میں بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ شاہ فیصل کالونی، عظیم پورہ اور انوار ابراہیم سوسائٹی میں گزشتہ روز سے بجلی بند ہے۔

قیوم آباد، کورنگی، نیو کراچی، سرجانی ٹاؤن، گلستان جوہر کے مختلف بلاکس، کلفٹن اور ڈیفنس کے بیشتر مقامات پر بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

ترجمان کےالیکٹرک کے مطابق نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا ہونے کے باعث بجلی کی بحالی کے کام میں مشکلات درپیش ہیں۔

ترجمان کے مطابق انسانی جان کا تحفظ اولین ترجیح ہے، سیفٹی کلیئرنس ملتے ہی متعلق علاقوں میں بجلی کی بحالی کے لیے کام جاری ہے۔

ترجمان کےالیکٹرک نے واضح طور پر کہا کہ حالیہ بارشوں میں کرنٹ لگنے کے تمام حادثات اندرونی نوعیت کے ہیں۔

کے الیکٹرک انتظامیہ نے یہ بھی کہا کہ کرنٹ لگنے کے کسی حادثے کا تعلق ہماری تنصیبات سے نہیں ہے۔

تازہ ترین