• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ڈیمز کے ساتھ جنگلات لگانے کی ہدایت

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے صوبے میں تعمیر ہونے والے تمام ڈیموں کے ساتھ 50 سے 100 ایکٹر رقبہ جنگلات لگانے کے لئے مختص کرنے اور اسے باقاعدہ منصوبے کا حصہ بنانے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر علاقے کی موزوعیت کے مطابق شجر کاری کرکے ماحولیاتی تحفظ کے لئے گرین ہاؤس کے اثرات پیدا کئے جاسکیں گے۔

جام کمال خان نے صوبے میں ڈیموں کی تعمیر کے منصوبوں کی پیشرفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایات کی کہ ڈیموں کے کمانڈ ایریا کی ترقی کے عمل کو بھی تیز کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے ڈیموں کے کمانڈ ایریا کی سرکاری اراضی کو زرعی مقاصد کے استعمال کے لئے لیز پر دینے کی ہدایت بھی کی ہے۔

انہوں نے مستقبل میں کوئٹہ کیلئے پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مانگی ڈیم کی جلد تکمیل اور بابر کچھ ڈیم کے مجوزہ منصوبے کے ساتھ ساتھ دیگر موزوں مقامات پر ڈیموں کی تعمیر کے منصوبے تجویز کرنے اور صوبے کے دیگر علاقوں میں بڑے ڈیموں کی تعمیر کی فزیبیلیٹی اسٹڈی تیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

تازہ ترین