لاہور (نمائندہ جنگ ) احتساب عدالت لاہور نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا. احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری کے دو صفحات پر مشتمل حکم نامے میں قرار دیا گیا ہے کہ رمضان شوگر ملز کے مرکزی اور ضمنی ریفرنس اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد فرد جرم عائد کی جاتی ہے. ملزم شہباز شریف اور حمزہ شہباز فرد جرم عائد ہونے کے بعد قانونی طور پر اپنے دفاع کیلئے درخواست دائر کر سکتے ہیں. ملزموں نے ریفرنس میں اپنے کیخلاف عائد الزامات کو رد کیا اور ٹرائل کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے. منی ریفرنس میں ماسوائے اضافی دستاویزات کے مزید کسی کو ملزم نہیں بنایا گیا. شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف ریفرنس اور دستیاب دستاویزی شواہد کی بنیاد پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی شروع کی گئی. آئندہ سماعت 27 اگست کو پراسکیوشن کے گواہ شہباز علی خان اور طارق مسعود فاروق بیانات قلمبند کروانے کیلئے پیش ہوں۔شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر رمضان شوگر ملز ریفرنس میں قومی خزانے سے نالہ تعمیر کروانے کا الزام ہے۔