کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے شہری کے قتل کیس میں گرفتار 3 اہلکاروں کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
گزشتہ روز آئی آئی چندریگر روڈ پر پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک شہری کی ہلاکت ہوئی تھی جس بعد تینوں اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
کھارادر پولیس نے گرفتار اہلکاروں کو عدالت میں پیش کیا اور مزید تفتیش کے لیے ریمانڈ کی درخواست کی جو عدالت نے منظور کرلی۔
ملزمان کو پانچ روز کے بعد دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا، گرفتار اہلکاروں میں ڈرائیور عمران، کانسٹیبل عمران اور سرفراز شامل ہیں۔
دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ گرفتار اہلکاروں کے خلاف قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔