• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بارش کی ہیٹ ٹرک، کئی علاقوں میں پانی جمع


کراچی میں بارش نے ہیٹ ٹرک کرلی، بروقت اقدامات نہ ہونے سے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔

کراچی میں دھواں دار بارش کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا۔ سڑکیں پھر نہریں بنیں، گلی محلے اور گھر پھر زیرِ آب آئے، ٹریفک پھر جام ہوا جبکہ پریشانی کے باوجود لوگوں نے برکھا رُت کے مزے بھی لیے۔

گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد، نارتھ کراچی، صدر، شارع فیصل، کارساز، ڈیفنس، لانڈھی اور ملیر سمیت بیشتر علاقوں میں جل تھل ہوگیا۔

گرین لائن منصوبے کی تعمیرات کے باعث ضلع وسطی کے برساتی نالے بارہ مقامات پر بند ہیں جس کی وجہ سے ناگن چورنگی کی شاہراہ پھر دریا بن گئی۔

گلبہار کا کشمیری محلہ بھی تاحال زیر آب ہے، بارش کا پانی صرف گلی محلوں اور گھروں میں نہیں بلکہ قبرستان تک میں داخل ہوچکا ہے۔

شہری انتظامیہ اور پاک فوج نکاسی آب اور سیوریج کی گندگی صاف کرنے میں مصروف ہے۔

کورنگی کاز وے کے مقام پر ملیر ندی کا پانی اوور فلو ہوکر سڑک پر آگیا، جبکہ تھڈو ڈیم میں بھی پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔

اسی طرح ملیر میں میمن گوٹھ ڈیم بھی اوور فلو ہوگیا اور اس کا پانی زرعی اراضی کو ڈبونے کے بعد ملیر ندی میں داخل ہوچکا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق تین روز کے دوران سب سے زیادہ بارش پی ایف بیس فیصل پر 171 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

سرجانی ٹاؤن میں 149.6، گلشن حدید 148.5، اولڈ ایئر پورٹ 130.7، صدر 120 اور یونیورسٹی روڈ پر 104.7، ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

تازہ ترین