پشاور (وقائع نگار ) صوبائی دارلحکومت میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے حوالے سے گزشتہ روز چار لاکھ پودے لگا دئیے گئے۔ اس حوالے سے مرکزی تقریب کا انعقاد ریگی میں کیا گیا جہاں پر وزیر آعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پودا لگایا، تقریب میں صوبائی وزراء، ممبران صوبائی اسمبلی، سیکریٹری جنگلات، کمشنر پشاور ڈویژن امجد علی خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان سمیت دیگر محکموں کے افسران و اہلکاران، ٹائیگر فورس کے ممبران، طلباء اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ شجر کاری مہم میں شریک لوگوں کے جذبات خصوصاَ ٹائیگر فورس کا ولولہ قابل ستائش ہے، صوبے کے عوام اور متعلقہ محکموں کے لیے شجر کاری نئی چیز نہیں، ہم پچھلے پانچ سالوں سے ایک ارب بیس کروڑ پودے لگا چکے ہیں۔ اس موقع پر دیگر شرکاء نے بھی شجر کاری مہم کے فوائد کے بارے میں بتایا۔ پشاور کے مختلف علاقوں میں ضلعی انتظامیہ افسران کی زیر نگرانی محکمہ جنگلات کے تعاون سے شجر کاری مہم کے تحت چار لاکھ پودے لگائے گئے جس کے لیے پہلے سے انتظامات مکمل کیے گئے تھے اوران مقامات تک محکمہ جنگلات کی نرسریوں سے فری پودے مہیا کیے گئے تھے۔ اس مہم میں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی ٹائیگر فورس کے ممبران، محکمہ جنگلات، پولیس، تعلیم، لوکل گورنمنٹ، ٹی ایم ایز، پی ڈی اے، سول ڈیفنس، ریونیو، طلباء اور دیگر محکموں کے افسران و اہلکاران اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ارمڑ کے علاقے میں بھی ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی پودے لگائے گئے ۔