کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام’’ آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما محمد زبیر نے کہاکہ عثمان بزدار کا معاملہ توازن برقرار رکھنے کیلئے کیا جارہا ہے، پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا کہ بزدار کو قربانی کا بکرا بنایا جانا ضروری تھا،تحریک انصاف کے رہنما ریاض فتیانہ نے کہا کہ عیدالاضحیٰ گزر چکی، قربانی کے بکرے کی ضرورت نہیں ہے۔ مسلم لیگ نون کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ مریم نواز پیش ہو رہی ہیں اور بہت سے لوگ جلوس کی شکل میں اس لیے موجود ہوں گے کیوں کہ یہ سارے کیس سیاسی ہیں، عثمان بزدار کا معاملہ توازن برقرار رکھنے کے لیے کیا جارہا ہے کہ نیب کے بارے میں یہی تاثر جائے کہ نیب نیوٹرل ہے اور اس چکر میں اگر وہ پھنستے ہیں تو پھنس بھی جائیں کیوں کہ عمران خان کہہ سکتے ہیں کہ جب تک پی ٹی آئی رہے گی تو یہی وزیراعلیٰ رہیں گے اب عمران خان کہہ سکتے ہیں کہ اگر نیب نے انہیں کچھ کر دیا تو کیا کرسکتا ہوں۔ پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا کہ بڑے بڑے اے ٹی ایم اور جو لوگ متنازع ہیں خود وزیراعظم اور جو ان کی ٹولی ہے جن پر بڑے بڑے کیسز ہیں جن لوگوں کو پکڑنا چاہیے ان کو نہیں پکڑ رہے بزدار کو بھی بائی ڈیزان پکڑا گیا ہے بائی ڈیفالٹ نہیں پکڑا گیا ہے جنہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے عثمان بزدار کو قربانی کا بکرا بنایا جانا ضروری تھا پہلے وہ نیب میں پیش ہوں جو انہیں قربانی کا بکرا بنا رہے ہیں۔