لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما اور نائب صدر مریم نواز آج قومی احتساب بیورو( نیب) لاہور میں پیش ہوں گی جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کل نیب ہیڈ کوارٹرلاہور میں پیش ہوں گے، رواںہفتے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے دیگر رہنمائوں کو بھی نیب میں طلبی کے نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔ مریم نواز نے نیب کی جانب سے اراضی کیس کی تحقیقات کیلئے 11اگست کو طلبی کے نوٹس کے بعد اپنے والد سمیت خاندان کے دیگر افراد ، پارٹی کی سینئر قیادت اور وکلاء سے تفصیلی مشاورت کے بعد خود پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے انہیں دستیاب دستاویزات مرتب کر لی ہیں ۔ذرائع کے مطابق مریم نواز پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے قافلے میں جاتی امرا ء رائیونڈ سے نیب آفس ٹھوکر نیاز بیگ پہنچیں گی ۔ مریم نواز کی نیب دفتر میں موجودگی تک رہنما اور کارکنان نیب کے دفتر کے باہر موجود رہیں گے اور ان کی واپسی پر جاتی امراء تک ساتھ جائیں گے ۔