• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاحاصل تجربات نے قوم کو حقیقی نظریئے سے دور کردیا‘صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ نظر دھندلا سکتی ہے مگر نظریہ نہیں، جو قومیں اپنے نظریئے سے انحراف کرتی ہیں وہ اپنی تباہی و بربادی کا سامان خود اکٹھا کرتی ہیں ملک میں جاری لاحاصل تجربات کے تسلسل نے ہمیں اپنے حقیقی نظریئے سے کوسوں دور کردیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں نظریہ ضرورت کے تحت ملک پر آمریت مسلط کی جاتی تھی مگر اب ملک پر جمہوریت کی چادر میں لپٹی آمریت مسلط کی جانے لگی ہے تاکہ اپنوں اور خوشامدیوں کو نوازنے کے ساتھ قوم کو جمہور سے متنفر کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ تجرباتی عمل میں قوم کو یہ باور کروایا گیا کہ دودھ سے دھلی تبدیلی سرکار ملک کو تمام درپیش بحرانوں سے نکال لے گی لیکن اس حقیقت پر زیادہ دن پردہ نہیں ڈالا جاسکا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں میں زیادہ تر وہ لوگ شامل ہیں جو خود کرپشن کے کسی نہ کسی مقدمے میں ملوث ہیں انہیں اس مسلط کردہ تبدیلی سے کیا لینا دینا انہیں تو صرف ایک محفوظ پناہ گاہ درکار تھی۔ صادق عمرانی نے کہا کہ اگر حکمران یہ سمجھتے ہیں کہ ملک کی حقیقی سیاسی قیادت کو من گھڑت مقدمات میں ملوث کرکے عوام کی توجہ کسی اور جانب مبذول کروانے میں کامیاب ہوجائیں گے تو یہ ان کی خام خیالی ہے قوم جان چکی ہے کہ تبدیلی کا جھانسہ دیکر اصل تبدیلی ان اشرافیہ کیلئے لائی گئی جو مال بنانے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔
تازہ ترین