• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ بابڑہ پشتونوں کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، اے این پی

کوئٹہ (آن لائن ) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہاہے کہ شہدا بابڑہ کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اور وہ قومیں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں اور جو اپنے اسلاف اور اکابرین کے نقش قدم پر چلتی ہیں، سانحہ بابڑہ پشتونوں کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے اور رہتی دنیا تک پشتون اپنے شہدا کو اسی طرح خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یاد رکھیں گے، یوم بابڑہ کو اگر پختونوں کا کربلا کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ان خیالات کااظہار اے این پی ضلع کوئٹہ کے صدر جمال الدین رشتیا،حاجی نذر علی پیرعلیزئی،جاوید کاکڑ،مزمل کاکڑ،اخلاق بازئی اور نیاز محمد نے باچاخان مرکز کوئٹہ میں شہدائے بابڑہ 12 اگست کی مناسبت سے تعزیتی ریفرنس سے خطاب میں کیا۔مقررین نے کہاکہ سانحہ بابڑہ پشتونوں کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔ اسی دن یزید کے ظلموں کی یاد کو تازہ کرتے ہوئے اس دور کے نام نہاد لیڈر قیوم خان نے نہ صرف بابڑہ چارسدہ کے مقام پر عدم تشدد کے پیروکار خدائی خدمتگاروں کو شہید کیا۔آج بھی پشتون اولس پر زمین تنگ کی گئی ہے لیکن باچا خان کے پیروکار عدم تشدد کے سائے تلے ہر ظالم اور جابر کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہونگے۔اور پختونوں کی ترقی خوشحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔مقررین نے شہدا کو سلام اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ لازوال قربانیاں تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی ، انہوں نے کہا کہ سانحہ بابڑہ میں نوجوانوں کیلئے ایک سبق ہے کہ وہ کسی طرح صبر وتحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں،انہوں نے کہا کہ باچا خان بابا نے اپنے فلسفے سے یہ ثابت کیا ہے کہ پشتون پر امن قوم ہے اور صرف عدم تشدد پر یقین رکھتی ہے۔
تازہ ترین