آپ آف لائن ہیں
جمعہ8؍ جمادی الثانی 1442ھ 22؍ جنوری2021ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی پاکستانی بیٹنگ لائن ناکام

ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی ابتدائی بیٹنگ لائن پھر ناکام ہوگئی، بارش سے متاثرہ میچ میں صرف 45 اعشاریہ چار اوورز کے کھیل میں پاکستان کے پانچ بیٹسمین 126 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

اوپنر عابد علی نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے تو دوسری جانب گیارہ برس بعد ٹیسٹ کھیلنے والے فواد عالم صفر پر ہی آؤٹ ہوگئے۔

انگلینڈ کے خلاف کپتان اظہر علی کا ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ دُرست ثابت نہیں ہوسکا۔

پچھلے میچ کے سنچری میکر شان مسعود صرف ایک کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، دوسری وکٹ پر عابد علی اور کپتان اظہر علی نے ذمے داری دکھائی اور 72 رنز کی شراکت قائم کی۔

اظہر علی 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، عابد علی نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے، وہ 60 کے انفرادی اسکور پر میدان بدر ہوئے۔

تجربہ کار اسد شفیق 5 رنز ہی اسکور کرسکے جبکہ گیارہ سال اور 259 روز کے بعد ٹیسٹ کھیلنے والے فواد عالم کی واپسی بھیانک خواب ثابت ہوئی، وہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

اس وقت کیریز پر بابر اعظم 25 اور محمد رضوان چار رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں اور پاکستان کا اسکور پانچ وکٹ پر 126 رنز ہے۔

بارش کے سبب میچ کو کئی مرتبہ روکنا اور اسی سبب کھیل کو جلدی ختم بھی کرنا پڑا۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اوپنر عابد علی نے کہا کہ مایوسی ہے کہ لمبی اننگز نہیں کھیل سکا تاہم اس کی بھرپور کوشش کی۔

عابد علی کا کہنا تھا کہ مینجمنٹ بہت سپورٹ کر رہی ہے، سب کو اعتماد دے رہے ہیں۔

انگلش کرکٹر سیم کررن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شروع میں کیچز ڈراپ ہونے کے بعد ہم نے اچھا کم بیک کیا۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ بولرز کے لیے آج مجموعی طور پر اچھا دن تھا۔

سیم کررن کا کہنا تھا کہ ٹیم میں واپسی پر خوش ہوں، وکٹیں لے کر ہمیشہ اچھا لگتا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید