• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور بی آرٹی کا افتتاح‘ پرویز خٹک ٹھیک میرے تحفظات غلط تھے، عمران خان

’پشاور بی آرٹی کا افتتاح‘ پرویز خٹک ٹھیک میرے تحفظات غلط تھے‘


پشاور(ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح کردیا۔ عمراں خان نے کہا ہے کہ مجھے اس منصوبے کے حوالے سے کچھ تحفظات تھے لیکن پرویز خٹک جو اس وقت وزیراعلیٰ تھے وہ اس منصوبے کے حق میں دلائل دیتے تھے۔ ثابت ہو ا کہ ان کی رائے درست تھی۔

پرویز خٹک ٹھیک اورمیرے تحفظات غلط تھے ‘بی آر ٹی منصوبے کے آغاز سے عام آدمی کی زندگی میں انقلاب آئے گا اور یہ منصوبہ پشاور کے شہریوں کے لئے نعمت ثابت ہو گا، ہائبرڈ بسوں کے استعمال سے ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی ہو گی اور عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں بی آر ٹی منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ میٹرو بس کا بہترین منصوبہ ہے اور معیار کے لحاظ سے بھی بہت اعلیٰ اور تھرڈ جنریشن منصوبہ ہے‘اس کے اثرات پشاور کی ترقی پر پڑیں گے۔ بی آر ٹی کے ذریعے پشاور کے عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی‘27کلومیٹرکے اس بس ٹریک کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک دباؤ بھی کم ہو گا‘یہ جدید ٹرانسپورٹ سسٹم ہے۔ 

وزیراعظم نے بی آر ٹی کے منصوبے کے تحت کرائے عام آدمی کی پہنچ کے مطابق رکھنے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عام آدمی کا بھلا سوچنا ہے۔ 10 سے 50 روپے کا کرایہ عام آدمی کی دسترس میں ہے‘اس سے خوشحالی آئے گی اور فی کس آمدن بھی ہو گی۔قبل ازیں وزیراعظم کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ بی آر ٹی کا ٹریک 27 کلو میٹر ہے، بی آر ٹی کا فی اسٹاپ کرایہ 10 روپے جبکہ مکمل سفر 50 روپے میں ہوگا۔ ایک سٹیشن سے دوسرے سٹیشن کا فاصلہ 850 میٹر ہے۔

بی آر ٹی بس میں سفر کیلئے شہریوں میں صرف 3 دنوں میں 80 ہزار کارڈ مفت تقسیم کئے جاچکے ہیں ۔ بی آر ٹی کے ٹریک پر220 ائیر کنڈیشنڈ بسیں چلائی جائیں گی۔ 

بی آرٹی بسیں ہفتہ بھرصبح 6سے رات 10 بجے تک چلیں گی۔

تازہ ترین