• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کومضبوط بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں،گورنرپنجاب

لاہور(نمائندہ خصوصی)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پاکستانی قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم قائداعظم محمد علی جناح ؒکے افکار کے مطابق پاکستان کومضبوط بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ وہ جشن آزادی کے موقع پر اپنے پیغام اور گور نر ہاؤس میں مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جمہوریت، اصولی سیاست، قومی و ملی خدمت کو اپنے منشور کا بنیادی نکتہ تصور کرتی ہے اور وہ اس بات پر بھی یقین رکھتی ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں مادروطن کی حرمت و عزت کے لئے نہ صرف ایک پیج پر ہیں بلکہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آج کے دن ہم بھارت کو بھی یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم اَمن پسندی کے علمبردار ہیں لیکن ہم ناموس اور عزت کی حفاظت کے لئے جنگ کے بھی خوگر ہیں۔ ہم آج کے دن بھارت کو یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام ہمارے رگوں میں دوڑتے ہوئے خون کی مانند ہیں ۔ گورنر نے کہا کہ آج کے دن ہم نے یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان ہماری زندگیوں کی ضمانت ہے،اس کا وجود ہمارا نصب العین ہے اور اس کی بقا ہماری بقا ہے۔
تازہ ترین