• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں آزادی کا جشن بھر پور انداز میں منایا جارہا ہے، شہر کے مختلف مقامات پر آزادی کے دن کی مناسبت سے تیاریاں کی گئی ہیں۔

پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے لوگ خوبصورتی سے سجائے گئے مقامات پر یادگار وقت گزار رہے ہیں۔

کراچی:جشنِ آزادی کی رونقیں عروج پر
(تصاویر: سہیل رفیق)

کراچی کی شاہراہوں پر بہت گہما گہمی ہے، شہر کے بیشتر مقامات پر آزادی کے دن کی مناسبت سے رونقیں عروج پر ہیں۔

شہر میں جگہ جگہ دنیا بھر میں ملک کی پہچان بنے ہوئے پاکستان کے مقامات کے ماڈل لگائے گئے ہیں، جو شہر کی دلکشی میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔

شہر میں جگہ جگہ موجود پاکستانیوں نے قومی پرچم لہرا کر سر فخر سے بلند کیا، بچوں، بڑوں، خواتین سب نے قومی پرچم کے رنگوں کی مناسبت سے کپڑے زیب تن کیے، بیج لگائے، ہاتھوں میں بینڈ پہنے، سروں پر قومی پرچم سے مزین کیپ اور ہیٹ پہنے۔

خواتین نے قومی پرچم کے رنگوں کی چوڑیاں پہنیں، کسی نے فیس پینٹنگ کی ہے تو کسی نے اپنے دل کے قریب پر چم لگایا ہوا ہے۔

شہر میں ٹرکوں، پک اپ، دیگر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر لوگ پرچم لے کر اور اپنے چہرے اور جسم پر سجا کر جگہ جگہ ریلیاں نکال رہے ہیں۔

ریلیوں، چوکوں او رچوراہوں پر تیز آواز میں قومی نغمے و ترانے بجائے جا رہے ہیں۔

کئی جگہ نوجوانوں نے جوش و جذبے سے سرشار ہو کر پاکستان کے حق میں نعرے بھی بلند کیئے۔

شہر کی مساجد میں نمازِ جمعہ کے اجتماعات میں ملک کی سلامتی، خوش حالی اور ترقی کے لیے دعا بھی مانگی گئی۔

پولیس و ٹریفک پولیس اہلکار بھی شہر میں بیجز پہنے پرچم لگائے، پرچم کے رنگوں کے ماسک پہنے ڈیوٹی انجام دیتے نظر آئے۔

آج کراچی کی فضا میں بھی آزادی کی خوشی محسوس کی جا رہی ہے، چھوٹا ہو یا بڑا سب وطن سے اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

گلی کوچوں میں ملی نغمے بھی خوب جوش و جذبے کے ساتھ بجائے جا رہے ہیں، سرکاری دفاتر پر بھی سبز پرچم لہرا رہا ہے اور ہر دل کی صرف ایک ہی آواز ’’دِل دِل پاکستان‘‘ ہے۔

تازہ ترین