پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ سندھ حکومت کو وفاق پیسے نہیں دے رہا، اب ورلڈ بینک کے ساتھ مل کر انفرااسٹرکچر کو بہتر بنارہے ہیں۔
کراچی میں سندھ حکومت کے تحت نیبرہڈ امپرومنٹ پروجیکٹ پیپلز اسکوائر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز اسکوائر کراچی کے عوام کے لیے تفریح کا بہترین ذریعہ ہے، پیپلز اسکوائر سے شہریوں کو بھرپور فائدہ ہوگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم کراچی بھر میں ضلع، ضلع اس منصوبے کو بہتری کی طرف لے جائیں گے اور ملیر میں نیبرہڈ منصوبے کا 30 ستمبر کو افتتاح کریں گے۔ شہر میں فن تعمیر کا شاہکار پرانی عمارتوں کو بھی بحال کریں گے۔
یہ منصوبہ عالمی بینک کےاشتراک سے ڈیڑھ ارب روپےکی لاگت سے مکمل کیا گیا، منصوبے کو دی پیپلز اسکوائر کا نام دیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری شکایت ہے کہ جو صوبوں کا حق ہے وہ ہمیں نہیں دیا جا رہا ہے، صوبوں کو وسائل کی کمی ہے، ہم اپنے کم وسائل میں بھی اپنے نئے وسائل بنارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ بورڈ آف ریونیو سب سے زیادہ ریونیو جمع کرتا ہے، سندھ بورڈ آف ریونیو ہر سال اپنے اہداف کو حاصل کرتا ہے۔ سندھ حکومت ٹیکس کلیکشن میں بہتری لارہی ہے، لوکل گورنمنٹ بھی اپنے ٹیکس کلیکشن میں بہتری لائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، سندھ پولیس اور قانون نافذ کرنےوالوں نےکراچی میں امن بحال کیا، امن بحال ہونے میں شہریوں اور پولیس کا خون شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ماحول بنا ہے کہ عوام کےلئے تفریح کےمنصوبے بنائیں۔
صوبائی وزرا، سعید غنی، سید ناصر شاہ، مشیر مرتضی وہاب ، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، صوبائی سکر یٹریز نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
ورلڈ بینک گروپ کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر ناجے بین ایسن اور اسلام آباد اور واشنگٹن ڈی سی کے نمائندوں نے آن لائن تقریب میں شرکت کی۔
صدر ڈاؤن ٹاؤن ایریا میں انڈر گراؤنڈ پارکنگ اینڈ پیپلز اسکوائر کراچی نیبر ہڈ امپرومنٹ پروجیکٹ (کے این آئی پی) کے تحت تعمیر کیا گیا ہے۔