اسلام آباد (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے منصورہ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اللہ کی عظیم نعمت ہے جس پر پوری قوم کو اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے۔پاکستان ایک جغرافیہ ہی نہیں نظریہ اور عقیدہ بھی ہے،مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیر اور فلسطین کی آزادی کیلئے ضروری ہے‘ آزادی حاصل کرنے کیلئے کیا کیا مصیبتیں جھیلنا اور قربانیاں دینا پڑتی ہیں یہ کشمیریوں اور فلسطینی مسلمانوں سے پوچھیں۔ سید علی گیلانی نے آزادی کے حصول کیلئے اپنی زندگی کھپا دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جغرافیہ ہی نہیں ایک نظریہ اور عقیدہ بھی ہے۔ پاکستان کے قیام کیلئے لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے اور ہمارے اسلاف نے اپنا سب کچھ قربان کرکے ہجرت کی۔ پاکستان عالم اسلام کا دھڑکتا ُدل اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی امیدوں کا مرکز ہے۔ قائداعظم نے پاکستان کو اسلام کی تجربہ گاہ اور قرآن کے دستور کی سرزمین قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت اور ناقابل تسخیر بنانے والے ڈاکٹر قدیر کا پوری قوم کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آنے والی نسلیں بھی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی احسان مند ہیں۔ مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیر اور فلسطین کی آزادی کیلئے ضروری ہے۔ پاکستان کی سرحدوں اور نظریئے کی حفاظت کیلئے جانیں قربان کرنے والے ہمارے ہیروز ہیں۔