مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمدشہباز شریف کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کو آزادی ملنے تک بھارتی یوم آزادی یوم سیاہ رہے گا،آزادی کشمیریوں کا نا قابلِ تنسیخ حق اور نوشتہ دیوار ہے۔
مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ قرار دیا اور کہا کہ نہتے کشمیریوں سے بھارتی قابض فوج اتنی خوفزدہ ہے کہ مقبوضہ وادی کو چھاؤنی میں تبدیل کرکےرکھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے ہر گھر سے بھارت سے نجات کا اعلان ہو رہا ہے، مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ بلیک آؤٹ، ہر جگہ ناکے اور محاصرے بھارتی خوف کی علامت ہیں۔
شہباز شریف کاکہنا تھاکہ کشمیریوں کی آزادی چھین کر ان کی نسل کشی کرنے والا بھارت کس منہ سے آزادی کا دن منا رہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ وہ کنٹرول لائن کے دونوں طرف رہنے والے کشمیریوں کے ساتھ یک جہتی کااظہارکرتے ہیں۔