• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5روزہ پولیو مہم میں4لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائینگے‘ ڈی سی کوئٹہ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اورنگزیب بادینی نے کہاہے کہ پولیو موذی مرض ہے۔ قبائلی، سیاسی، مذہبی جماعتوں اور سول سائٹی کے تعاون سے اس کا خاتمہ ممکن ہے ۔کوئٹہ میں 5روزہ انسداد پولیومہم17اگست سے شروع ہوگی جس کے دوران شہر میں 4لاکھ 50ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیاگیاہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں علماء کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا انوارالحق حقانی ،مولانا قاری مہراللہ ، ڈاکٹرعطاء الرحمٰن ،قاری عبدالرشید ودیگر بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ کوئٹہ میں 17سے22اگست تک پولیو مہم کاآغاز کیاجائیگا جس کے دوران شہر میں 4لاکھ 50ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیاگیاہے جس میں تقریباً1600ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں مہم کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں،قبائلی،سیاسی ومذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی کی مدد سے پولیو مہم کو کامیاب کیاجاسکتاہے ،کورونا وائرس کی وجہ سے پولیو مہم میں آنے والا خلاء ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی ،پولیو مہم کوکامیاب بنا کر ہی اس سے چھٹکارا پایاجاسکتاہے۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور علمائے کرام نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر مولانا انوارالحق حقانی ،قاری عبدالرشید ،اسکالر ڈاکٹرعطاء الرحمٰن نے والدین پر زوردیاکہ بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے پولیو کے قطرے لازمی پلائیں۔
تازہ ترین