• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور بی آر ٹی، ہنگامہ آرائی کی روک تھام کیلئے 250 پولیس اہلکار تعینات

پشاور( کرائم رپورٹر) خیبر پختونخوا میگا پراجیکٹ بی آر ٹی پر حالیہ توڑ پھوڑ اور سیکورٹی گارڈز پر تشدد کے واقعات رونما ہونے کے بعد سٹیشنز پر پولیس اہلکارتعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ابتدائی مرحلے میں ان سٹیشنز پر 250پولیس اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں ۔پشاورمیں بی آر ٹی کے شروع ہونے کے پہلے اوردوسرے روز متعدد سٹیشنز پر لوگ بغیرکارڈ کے سفر کرتے رہیں اور منع کرنے پر ہنگامہ آرائی ہوتی رہی ٗہشت نگری سٹیشن پر سیکورٹی گارڈز نے ان لوگوں کو منع کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے تین سیکورٹی گارڈز کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے لہولہان کردیا ٗمتعدد سٹیشنز پر سفر کرنیوالے لوگوں نے بسوں کی سیٹیں بھی پھاڑ دی تھیں مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لئے پولیس حکام نے ان سٹیشنز پر پولیس اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اورابتدائی مرحلے میں ان سٹیشنز پر 250پولیس اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں یہ اہلکار رش کی صورت حال کوبھی کنٹرول کرینگے ایس ایس پی آپریشنز پشاور منصور امان کے مطابق تعینات کئے جانے والے پولیس اہلکار دو شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دینگے اور اس کیساتھ ساتھ سٹی پٹرولنگ پولیس بھی ڈیوٹی انجام دینگے ان کے مطابق اس کے لئے فوکل پرسن کی بھی تعیناتی کی گئی ہے جو بی آر ٹی کے سنٹرل کنٹرول کے ساتھ رابطے میں ہوگا۔واضح رہے کہ پشاور پولیس نے پہلے روز بی آر ٹی بسوں اور سٹیشنز پر توڑ پھوڑ کرنے اور سیکورٹی گارڈز پر تشدد کرنے والے متعدد افراد کی شناخت کر لی ہے اور انہوں نے ایک ملزم کو گرفتار کرکے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے بھی چھاپے مارنا شروع کردئیے ہیں ۔
تازہ ترین