• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے کورونا پر قابو پالیا، دنیا تعریف کر رہی ہے، مراد سعید

وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے وبا کو جس طرح کنٹرول کیا ایک مثال ہے، پاکستان نے کورونا کی وبا پر قابو پایا، دنیا تعریف کر رہی ہے۔

مراد سعید نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کو استحکام کی طرف لے کر جانا ہے، این ایچ اے کی پرفارمنس میں کل پرسوں اعداوشمار کی صورت میں میں سامنے رکھوں گا، این ایچ اے قوم کا ادارہ ہے، میرے ملک کا ادارہ ہے، این ایچ اے ایسے پراجیکٹ سامنے لائے گا جس سے لوگوں کو روزگار ملے اور سڑکیں بھی بنیں۔

مراد سعید نے کہا ہے کہ ہماری اسٹاک ایکسچینج بڑھ رہی ہے، ہمار ی ایکسپورٹ بڑھی، آئی پی پیز سے معاہدے میں کامیابی ملی، آئی پی پیز سے مہنگی بجلی خریدی جاتی تھی، وزیراعظم نے مہنگی بجلی کی انکوائری کرائی، اب ثمرات قوم کو ملیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پشاور بی آر ٹی منصوبہ مکمل ہوگیا اس کا بھی آغاز ہوگیا، مہمند اور بھاشا ڈیم کا منصوبہ بھی شروع ہوگیا ہے، دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے اور حیدرآباد سکھر موٹروے کا آغاز جلد کریں گے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ لیاری کے ایک پراجیکٹ بھارکہو والے پراجیکٹ کی فزیبلٹی بھی اس سال مکمل ہوجائے گی، پچھلی حکومت اور موجودہ حکومت کے پراجیکٹس میں احساس کا فرق ہے، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کو بھوک سے بچانا ہے، بیروزگاری سے بچانا ہے،  پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لیے بیوہ خواتین، بزرگ شہریوں کے لیے کام کیا گیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم جب بات کرتے ہیں عوام کی آسانی کے لیے کرتے ہیں، ایک پناہ گاہ سے ہم 200 پناہ گاہوں تک پہنچ گئے ہیں، محنت کش طبقہ سڑکوں پر سوتا تھا، ریاست نے ان کی ذمہ داری قبول کرلی، ہم نے لنگر خانہ کھولا، اس پر بھی تنقید کی گئی، ہم فلاحی ریاست کی بات کرتے ہیں تو اس میں انصاف ہوتا ہے۔

مراد سعید نے کہا ہے کہ ہم مدینہ کی ریاست پر چلنے کی بات کرتے ہیں، یہ تب ہوگا جب احساس ہوگا، بھوکے پیٹ سونے والوں کے لیے پروگرام کا آغاز ہوا، ان تمام چیزوں سے پاکستان صحیح معنوں میں مدنیہ کی ریاست بنے گا۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ گذشتہ حکومت کے آخری 2 سال سے موجودہ حکومت کے پہلے 2 سال میں پاکستان نے زیادہ ترقی کی، وزیراعظم نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام اور احساس نشوونما پروگرام کا آغاز کیا، غربت کے خاتمے کے لیے قدامات کیے گئے، وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ غریب اور دیہاڑی دار طبقے کا احساس کیا ہے لنگرخانوں پر وہ لوگ تنقید کر رہے ہیں جن کے پاس قوم کا پیسہ ہے۔

مراد سعید نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام، احساس پروگرام پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا، حیدرآباد سکھر موٹروے، سوات موٹروے اور اس طرح کے پراجیکٹس مکمل کریں گے۔

تازہ ترین