اسلام آباد(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے کہاہے کہ میڈیا سے بگاڑ‘مہنگائی اور احتساب کے معاملے پر ہم سے غلطیاں ہوئیں ‘ میڈیا ہی نے اصلاحات کا بیانیہ عوام تک پہنچانا تھا اور اصلاحات کا عمل میڈیا کے تعاون سے ہی ممکن ہوسکتا ہے‘میڈیا تک یہ پیغام پہنچا کہ ہم تو آئے ہی انہیں ختم کرنے کےلیے ہیں جس کی وجہ سے ہمیں شروع کے دنوں میں کافی مشکلات پیش آئیں۔ہم مہنگائی اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول نہیں کرسکے‘جو اب بھی حکومت کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو حکومت کی دو سالہ کارکردگی رپورٹ کے اجراءکے موقع پرکیا ۔ اسدعمر کا کہناتھاکہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے معیشت پر دباؤ آیا۔حکومت نے ثابت کیا ہے کہ ملکی مفاد میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے،کمزور ترین طبقات کی مدد عمران خان کا مشن ہے، عمران خان نے لاک ڈاؤن میں بھی غریب لوگوں کو زیادہ اہمیت دی ہے۔